پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اہم پالیسی فیصلے کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے حکومت سازی کے لیے مختصر اور مؤثر کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ریاستی خزانے پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ پڑے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پارٹی سربراہ نواز شریف کو مشورہ دیا کہ مہاجرین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کو کابینہ میں شامل نہ کیا جائے، کیونکہ اس سے حکومتی اخراجات میں اضافہ ہوگا۔
اسی سلسلے میں حالیہ دنوں مسلم لیگ (ن) کشمیر کے سینئر رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں میں وزارتِ عظمیٰ اور حکومت سازی سے متعلق پارٹی کی پالیسی بھی واضح کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے مختلف سینئر رہنماؤں نے اپنی سیاسی سرگرمیاں اور رابطے تیز کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی تشکیل میں تجربہ کار اور سینئر نومنتخب اراکین اسمبلی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے لیگی اراکین کو کابینہ کا حصہ نہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نواز شریف نے حکومت سازی کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی اور پالیسی کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔







