ویمن ون ڈے سیریز: پاکستان نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ہمبنٹوٹا: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ اسکور 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی کامیابی میں گل فیروزہ نے نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سدرہ امین نے 57 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم حصہ ڈالا۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ہفتہ کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کو سیریز اپنے نام کرنے جبکہ سری لنکا کو مقابلہ برابر کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں