کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ اسماء عباس نے 60 سال سے زائد عمر کی اکیلی زندگی گزارنے والی خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں ایک مخلص، بااعتماد اور اچھا شریکِ حیات مل جائے تو شادی کرنے میں کوئی قباحت نہیں۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے اسماء عباس نے کہا کہ ان کے گزشتہ بیان کو مکمل تناظر میں نہیں سمجھا گیا، جس کی وجہ سے اس کا مطلب غلط انداز میں لیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر شخص اعتماد کے قابل نہیں ہوتا، لیکن اگر زندگی میں کوئی ایسا انسان مل جائے جو مخلص، باکردار اور خیال رکھنے والا ہو تو ایسے رشتے کو قبول کرنے پر ضرور غور کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے اپنی بہن بشریٰ انصاری اور سینئر فنکارہ ثمینہ احمد کی شادیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو زندگی کے اس مرحلے میں بہترین شریکِ حیات ملے، تاہم ایسے خوش نصیب لوگ کم ہی ہوتے ہیں۔
اسماء عباس کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ایک ایسے ساتھی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے جو بیماری، تنہائی اور روزمرہ زندگی کے مختلف معاملات میں سہارا بن سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی کامیاب رشتے کی بنیاد صرف محبت نہیں بلکہ باہمی عزت، برداشت، اعتماد اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی صلاحیت ہوتی ہے، یہی خوبیاں تعلقات کو مضبوط اور دیرپا بناتی ہیں۔







