میلبرن: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ آسٹریلیا کے دورے سے قبل انہیں مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دیے جانے کے بعد آسٹریلوی حکام نے سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی 9 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن کے مارول اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ایک کمیونٹی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسی تقریب سے متعلق فیس بک ایونٹ پیج پر ایک صارف کی جانب سے مبینہ دھمکی آمیز پیغام پوسٹ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دھمکی سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا کی قانون نافذ کرنے والی اور سکیورٹی ایجنسیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں اور تقریب کے حفاظتی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، اسی لیے تقریب کے شرکا اور اہم شخصیات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی حکام بھی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم دھمکی دینے والے شخص کی شناخت یا اس کے محرکات کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
سکیورٹی ماہرین کے مطابق عالمی رہنماؤں کے دوروں کے دوران سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دھمکیوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے، اسی لیے متعلقہ ادارے ہر ممکن خطرے کا جائزہ لے کر حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔







