لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں چکوال میں سی سی ڈی کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ راولپنڈی دائرہ اختیار کا بنتا ہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اپنایا کہ وہ راولپنڈی کے کسی کیس کو نہیں لے کر آئے بلکہ سی سی ڈی کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں پہلے ہی چیلنج کیا جا چکا ہے۔
درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے مؤقف اختیار کیا کہ چکوال فائرنگ کا واقعہ سی سی ڈی کی تربیت اور طریقہ کار پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے، لہٰذا متاثرہ خاندان کو جے آئی ٹی میں شامل کیا جائے اور واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔







