لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب کے وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہاہے کہعوام کو بہتر پینے کے صاف پانی اور سینیٹیشن کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی سال 27-2026 میں ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں مجموعی طور پر 507 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 187 ارب 10 کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کی مد میں ہیں جن کے مثبت استعمال سے مضبوط بلدیاتی نظام ، متوازن علاقائی ترقی اور پنجاب کے شہری اور دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ، جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔صوبے بھر میں سیوریج، اسٹارم واثر ڈرینج سسٹم، گلیوں کی پختگی اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے 505 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے Punjab (Development Program (PDP کا مالی سال 26-2025 میں آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کے پائیہ تکمیل تک پہنچنے پر صوبے کے 66 بڑے شہروں کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ جبکہ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کیلئے 31 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ 59 ارب روپے کی لاگت سے Misali Gaon Program کے ذریعے پنجاب کے 10 ڈویژنز میں 485 دیہات کو جدید بنیادی سہولیات سے آراستہ ماڈل دیہات میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ آئندہ مالی سال میں اس پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔







