راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان کے تحت بڑی تعداد میں اہلکار تعینات کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے اطراف مختلف مقامات پر 1300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ یہ اقدامات ممکنہ طور پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں اور کارکنوں کی آمد کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جیل کے اردگرد اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر مجموعی طور پر 12 ناکے قائم کیے جائیں گے۔ ان میں گورکھ پور، چکری انٹرچینج، گارڈن ولاز ڈائیورشن، بحریہ فیز 8، ٹھلیاں انٹرچینج، خواجہ کارپوریشن، گلشن آباد اور کیپٹل اسمارٹ سٹی کے سامنے خصوصی چیک پوسٹس شامل ہوں گی۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا قافلے کو اڈیالہ جیل کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ آمد و رفت پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ایلیٹ فورس، رائٹ مینجمنٹ فورس، واٹر کینن اور آنسو گیس یونٹس بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔







