بہاولپور (ڈپٹی بیورو چیف)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بغداد الجدید کیمپس میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 22 سالہ طالب علم اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بی بی اے سیکنڈ سمسٹر کے طالب علم تازیل موسیٰ ولد محمد موسیٰ جو ضلع مظفرگڑھ کا رہائشی تھا، یونیورسٹی کینٹین سے کھانا کھانے اور کولڈ ڈرنک پینے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اچانک زمین پر گر کر بے ہوش ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور طالب علم کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کر دیا۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ذرائع کے مطابق جاں بحق طالب علم کی عمر 22 سال تھی اور وہ اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ بی بی اے میں زیر تعلیم تھا۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ ساتھی طلبہ اور اساتذہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔تاحال طالب علم کی اچانک وفات کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ مزید حقائق پوسٹ مارٹم اور طبی رپورٹ کے بعد واضح ہونے کی توقع ہے۔یاد رہے کہ طالب علم کے کھانا کھانے یا کولڈ ڈرنک پینے اور بعد میں طبیعت خراب ہونے کے درمیان تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے وجہ وفات کے بارے میں حتمی رائے طبی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔







