خانیوال،ملتان (خبر نگار،نمائندہ خصوصی،سپیشل رپورٹر) خانیوال کے علاقے نیازی چوک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ذکااللہ، اسماعیل خان، مجید اور ہدایت اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق مقتولین عدالتی پیشی کے سلسلے میںملتان جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدعابد سمیت دیگر اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تفتیش شروع کردی جبکہ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتار کیلئے ٹاسک دیدیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق کچا کھوہ کے نواحی علاقے چک 30/10-R سے تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ شہریوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان نےسخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، انہوں نے پولیس حکام کو واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ ایسے درندہ صفت ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔







