اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر گزشتہ 75 سال کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آج جیسا مثبت اور ہم آہنگ تعلق قائم ہوتا تو ملک میں کئی اہم سنگِ میل پہلے ہی طے ہو چکے ہوتے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل بھی ایک بڑی جنگ کا سامنا کیا جس میں افواج نے شاندار کارکردگی دکھا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک ایک معاشی محاذ پر بھی جنگ لڑ رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق یہ جنگ 25 کروڑ عوام کی مشترکہ جنگ ہے اور اتحاد کے ذریعے ہی اسے جیتا جا سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حالیہ سفارتی کامیابیوں پر امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور گزشتہ 75 برس میں پاکستان کو اس سطح کی عالمی عزت پہلے کبھی نہیں ملی۔ ان کے مطابق اب معاشی محاذ پر بھی مسائل سے نمٹنے کے لیے اسی جذبے اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے معاملے میں ہونے والی پیش رفت میں ایرانی قیادت کے عزم کو بھی سراہا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کو اختلافات ختم کر کے فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں حالیہ معاملات کے حل نے مثبت نتائج دیے ہیں اور اگر یہی اتحاد برقرار رہا تو نہ صرف معاشی چیلنجز بلکہ فلسطین جیسے عالمی مسائل بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔







