جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کی تقریب، پاکستان میزبانی کرے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طویل کشیدگی اور جنگ کے سائے کے بعد امن کی صبح طلوع ہو گئی ہے اور پاکستان اس تاریخی پیش رفت کا حصہ بن کر عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرے گا۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ایران اور امریکا نے لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت کو امن، مکالمے اور سفارت کاری کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ صرف دو ممالک کے درمیان نہیں بلکہ خطے میں استحکام اور عالمی امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
شہباز شریف نے قومی قیادت، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد نے اس سفارتی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں کو بھی اس پیش رفت پر مبارکباد دی اور کہا کہ مشکل حالات میں فریقین نے صبر، تدبر اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ، چین، یورپی ممالک اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے امن عمل کو آگے بڑھانے میں معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور یہ ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم کے مطابق دنیا نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے جو امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال نے عالمی معیشت سمیت پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات ڈالے، تاہم حکومت نے بروقت اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن معاہدے کے بعد حاصل ہونے والے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھا کر عوام تک ریلیف پہنچایا جائے گا اور حکومت اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں