کوٹ مٹھن (نامہ نگار) ضلع راجن پور کے رہائشی ایک شہری نے مبینہ آن لائن فراڈ کے ذریعے لاکھوں روپے ہتھیائے جانے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو درخواست دے دی۔درخواست گزار کے مطابق نامعلوم ملزمان نے خود کو مختلف اداروں سے منسلک ظاہر کرتے ہوئے اعتماد میں لیا اور “ٹاسک” اور آن لائن جاب کے بہانے رقم طلب کی۔ شہری نے بتایا کہ 12 جنوری 2026 سے شروع ہونے والے اس سلسلے میں اسے مختلف بینک اکاؤنٹس پر بار بار رقوم منتقل کرائی گئیں۔شہری کے مطابق ملزمان نے ابتدائی طور پر معمولی رقم کے عوض منافع دینے کا جھانسہ دیا جس کے بعد مزید سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا۔ بعد ازاں مختلف تاریخوں پر مجموعی طور پر تقریباً 26 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کرائی گئی جن میں میزان بینک، یو بی ایل اور دیگر اکاؤنٹس شامل ہیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے جعلی یقین دہانیوں اور لالچ کے ذریعے رقم بٹوری اور بعد میں رابطہ منقطع کر لیا۔شہری نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کیا جائے اور لوٹی گئی رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے۔پولیس ذرائع کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کی جانچ شروع کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیاگیا۔متعلقہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔







