بہاولپور: ایڈمنسٹریٹر اوقاف پر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات

بہاولپور (ڈپٹی بیورو چیف )بہاولپور زون کے ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمہ اوقاف کی آمدن میں خصوصا کیش بکسوں کی آمدن میں خورد برد کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے سیاسی سفارش کے ذریعے بہاولپور زون میں تعیناتی حاصل کی اور تعیناتی کے بعد اوقاف کی مختلف وقف املاک اور مزارات کے انتظامی معاملات میں مبینہ طور پر بے ضابطگیاں کیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ موضع آغا پور میں محکمہ اوقاف کی ملکیت میں سے قیمتی درختوں کی کٹائی اور فروخت کے معاملات میں بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔ان پر الزام ہے کہ بہاولپور زون کے متعدد مزارات پر سرکاری کیش بکس (غلوں) کی نگرانی کے لیے اوقاف کے اصل نگران کےبجائے پرائیویٹ افراد کو کھڑا کیا ہوا ہے جس سے محکمہ کے مزارات کی آمدن کیش بکس شدید متاثرہورہی ہے۔ شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ اگر اینٹی کرپشن اور محکمہ اوقاف کے اعلیٰ حکام بہاولپور زون کی مزارات کا اچانک اور خفیہ دورہ کریں تو حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے سیکرٹری اوقاف پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں