لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کی ٹیم بہاولپور پہنچ گئی، عوامی مسائل کے حل کیلئےگھوٹوی ہال عباسیہ کیمپس اسلامیہ یونیورسٹی میں کھلی کچہری کا انعقادکیا گیا۔چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل صائمہ فاروق نے شہریوں کی شکایات سن کر فوری احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری میں محکمہ مال، پولیس، صحت، تعلیم، صفائی اور سیوریج سے متعلق شکایات موصول ہوئیں ۔چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل صائمہ فاروق نے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو فوری ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔درخواستوں پر مسلسل فالو اپ لیا جائے گا، مسئلہ حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے فوری حل کا مؤثر ذریعہ ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کو 328 درخواستیں موصول ہوئیں، 90 سے زائد درخواستیں محکمہ ریونیو جبکہ 250 درخواستیں دیگر محکموں سے متعلق ہیں۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور تمام متعلقہ افسران کھلی کچہری میں شریک ہوئے۔موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے۔ چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل صائمہ فاروق نے کہاکہ عوامی شکایات کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔جائز شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔







