لاہور: پنجاب حکومت نے عوام کو فراہم کی جانے والی مفت پبلک ٹرانسپورٹ سہولت واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد 13 جون سے تمام مسافروں کو سفر کے لیے باقاعدہ ٹکٹ خریدنا ہوگا۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور اتھارٹی کے زیر انتظام چلنے والی دیگر ٹرانسپورٹ سروسز پر مفت سفر کی سہولت مقررہ تاریخ سے ختم کر دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو ریلیف دینے کے مقصد سے عارضی طور پر فراہم کی گئی تھی، تاہم اب اس پالیسی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ایم اے کے مطابق 13 جون کے بعد اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے تمام مسافروں کو مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا اور بغیر ٹکٹ سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت چلنے والی تمام سفری سہولیات پر مفت سفر کا پروگرام مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے اور آئندہ تمام مسافر معمول کے کرایوں کے مطابق سفر کریں گے۔







