ملتان: انٹر امتحان میں عملہ طلبہ کو نقل کراتے پکڑا گیا، میٹرک پریکٹیکل میں آؤٹ سائیڈرز گرفتار

ملتان (وقائع نگار)بورڈ ملتان کےزیر اہتمام انٹر کے امتحانات میںنقلکی کوشش ناکام ہوگئی،میٹرک کے پریکٹیکل میں نقل کرانے والے آوٹ سائیڈرز کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2026 کے دوران گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول ملتان میں وزیر تعلیم کی انسپکشن ٹیم نے موقع پر ہی سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملے کو طلبا کو نقل کراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔
انسپکشن ٹیم کی فوری رپورٹ پر کنٹرولر امتحانات عمران احمد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پورے امتحانی سنٹر کا عملہ تبدیل کر دیا۔ ملوث عملے کے خلاف اعلیٰ سطح پر انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ دریں اثنا میٹرک کے پریکٹیکل امتحانات کے دوران گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول کے امتحانی سنٹر میں آؤٹ سائیڈرز طلبا کو پریکٹیکل امتحان میں نقل کرا رہے تھے۔وزیر تعلیم کی انسپکشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور چھاپہ مار کر آؤٹ سائیڈرز کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ٹیم نے موقع پر موجود ثبوت اکٹھے کرنے کے بعد ان افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ان کے خلاف امتحانی دھاندلی اور امتحانی قواعد کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔کنٹرولر امتحانات عمران احمد نے بتایا کہ امتحانات میں کسی قسم کی بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام امتحانی سنٹرز پر سخت نگرانی رکھی گئی ہے اور قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ اس واقعہ کے بعد متعلقہ سنٹر پر پریکٹیکل امتحانات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ۔متاثرہ طلبا کے خلاف بھی علیحدہ کارروائی کا امکان ہے۔تبدیل ہونیوالے امتحانی عملہ کا کیس ڈسپلن کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں