اپنا گھر اسکیم: وزیراعظم کی آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت، 67 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کو ملکی معیشت، تعمیراتی شعبے اور اس سے وابستہ صنعتوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں اس منصوبے سے متعلق آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 67 ہزار سے زائد افراد درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں اسکیم کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد کا اس منصوبے میں دلچسپی لینا خوش آئند امر ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو زیادہ سے زیادہ خاندان اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اسکیم کی کامیابی سے نہ صرف تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اس شعبے سے وابستہ مختلف صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا، جس سے مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے اسکیم میں شمولیت کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے۔ انہوں نے وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک کو درخواست فارم مزید سادہ اور قابل فہم بنانے کی ہدایت دی، جبکہ بینکوں کو منظور شدہ درخواستوں پر کارروائی کا عمل تیز کرنے کا بھی کہا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملک بھر میں آگاہی مہم کو وسعت دینے اور زمینوں کے ریکارڈ سے متعلق معاملات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو ضلعی سطح پر خصوصی سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ مارچ میں قواعد و ضوابط کو مزید آسان بنانے کے بعد درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر سے 67 ہزار 900 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 16 ہزار 587 کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ 3 ہزار 146 افراد کو قرضوں کی رقم بھی جاری کی جا چکی ہے۔ مزید برآں، ڈیجیٹل ہب، سہولت مراکز اور دیگر اقدامات کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں کو درخواستوں کی جانچ پڑتال اور پراسیسنگ 15 روز کے اندر مکمل کرنے کا پابند بنایا ہے۔ حالیہ قانون سازی کے ذریعے ہاؤسنگ سیکٹر میں موجود بعض قانونی رکاوٹوں کو بھی دور کیا گیا ہے، جس سے اس شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق اسکیم کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے منصوبے کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں