سونے کی قیمت میں مسلسل گراوٹ، چند روز میں فی تولہ 38 ہزار روپے تک کمی

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے نتیجے میں چند ہی دنوں کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر تقریباً 38 ہزار روپے سستا ہو چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر گولڈ کے ذخائر کی فروخت میں اضافے اور طلب میں کمی کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتیں مسلسل دباؤ کا شکار ہیں، جس کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 97 ڈالر 20 سینٹ مزید کم ہو کر 4 ہزار 102 ڈالر تک پہنچ گئی۔ عالمی قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
جمعرات کے روز فی تولہ سونا مزید 9 ہزار 720 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 716 روپے پر آ گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 748 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 422 روپے تک گر گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 40 سینٹ سستی ہو کر 64 ڈالر 10 سینٹ کی سطح پر آگئی، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی نمایاں رہے۔
صرافہ بازاروں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 40 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 889 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی 36 روپے سستی ہو کر 5 ہزار 857 روپے میں فروخت ہونے لگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ 6 جون کو فی تولہ سونا 12 ہزار 489 روپے سستا ہوا، 8 جون کو مزید 3 ہزار 94 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 10 جون کو بھی 12 ہزار 627 روپے فی تولہ کمی سامنے آئی تھی۔ تازہ کمی کے بعد مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں تقریباً 38 ہزار روپے فی تولہ کی نمایاں گراوٹ آ چکی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں