لاہور: پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 500 ارب روپے ریونیو حاصل کرنے کے ہدف کے تحت اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
حکومت نے 9 ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سمیت مجموعی طور پر 12 سرکاری اداروں سے غیر استعمال شدہ، کم استعمال ہونے والی اور کمرشل ممکنات رکھنے والی سرکاری رہائشی و تجارتی جائیدادوں اور اراضی کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق متعلقہ اداروں کو سرکاری پراپرٹیز کی فروخت، لیز اور کمرشل استعمال سے متعلق مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام ادارے اپنی اپنی اراضی کا جامع کمرشلائزیشن پلان تیار کریں تاکہ حکومتی اثاثوں سے آمدن میں اضافہ کیا جا سکے۔
مراسلے میں سڑکوں، کوریڈورز اور تجارتی امکانات رکھنے والے علاقوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جا سکے۔
اداروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی جائیدادوں کی موجودہ مارکیٹ ویلیو اور کمرشل استعمال کی صلاحیت کا تفصیلی تخمینہ لگائیں۔
ہر متعلقہ ادارے کو ریونیو ہدف کے حصول کے لیے واضح ٹائم لائن کے ساتھ قابلِ عمل ایکشن پلان جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سرکاری اثاثوں کے مؤثر استعمال اور کمرشل بنیادوں پر ترقی کے ذریعے آئندہ مالی سال میں 500 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔







