کراچی: چند روز کے وقفے کے بعد عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جس کے اثرات ملکی صرافہ بازاروں پر بھی نمایاں طور پر مرتب ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 126 ڈالر 27 سینٹ کم ہو کر 4 ہزار 200 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں بھی 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 12 ہزار 627 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 42 ہزار 436 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 11 ہزار 364 روپے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 170 روپے مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 385 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 929 روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 352 روپے کم ہونے کے بعد 5 ہزار 893 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ 6 جون کو بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی، جبکہ رواں ہفتے کے آغاز پر بھی سونا مزید سستا ہوا تھا، جس کے بعد قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔







