وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انیشی ایٹو ’شی تھریڈز‘ کے لیے 310 ملین روپے کا بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔
یہ پروگرام دیہی علاقوں کی خواتین کو ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہنر مند بنانے اور ان کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
’شی تھریڈز‘ منصوبے کے تحت صوبہ بھر کے دیہات سے 18 سے 45 سال تک کی مڈل پاس خواتین کو تربیت کے لیے شامل کیا جا رہا ہے۔ اس دوران منتخب خواتین کو ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی دیا جائے گا۔
اس منصوبے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلق 10 مختلف تربیتی کورسز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں یہ کورسز پہلے ہی جاری ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں تقریباً ڈھائی ہزار خواتین یہ تربیت مکمل کر چکی ہیں، جن میں سے 773 خواتین کو تربیت مکمل ہوتے ہی روزگار بھی فراہم کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس وقت پروگرام کے تحت 1150 خواتین ٹریننگ حاصل کر رہی ہیں جبکہ آئندہ سال مزید 1350 خواتین کو تربیت دی جائے گی۔
کورسز میں انڈسٹریل اسٹیچنگ مشین آپریٹر، فیبرک کوالٹی انسپکٹر، فیبرک کٹنگ ایکسپرٹ، اپیریل پلاننگ اینڈ مرچنڈائزنگ، سپروائزر، پیٹرن میکنگ اینڈ کٹنگ، گریڈنگ، کوالٹی کنٹرول، گارمنٹ فنشنگ، پیکنگ اور ویکسنگ جیسے شعبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کا ہدف ہر خاتون کو مالی طور پر بااختیار اور خودمختار بنانا ہے، کیونکہ ہنر مند خواتین قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔







