لیہ(سپیشل رپورٹر)لیہ شہر کی قدیم شناخت سمجھے جانے والے برصغیر پاک و ہند کی تقسیم سے قبل ڈھینگرا خاندان کے لکڑی سے تعمیر شدہ مکانات آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب ہم یہ عمارتیں اپنے منفرد طرزِ تعمیر، خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کی وجہ سے شہر کا فخر سمجھی جاتی تھیں، مگر آج یہ خستہ حالی کا شکار ہو کر زوال کی آخری منزلوں تک پہنچ چکی ہیں۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ان مکانات کی دیواریں، دروازے اور لکڑی کے خوبصورت نقش و نگار ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالت میں یہ عمارتیں کسی بھی وقت گر سکتی ہیں، جو نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ شہر کے ایک اہم تاریخی ورثے کے مکمل خاتمے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔یہ مکانات صرف اینٹ، لکڑی اور مٹی کا مجموعہ نہیں بلکہ لیہ کی تاریخ، ثقافت اور ماضی کی زندہ یادگار ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ذمہ دار حلقے فوری توجہ دیں، تاکہ اس نایاب تاریخی سرمایہ کو محفوظ کیا جا سکے۔







