چوک مکول(خبرنگار) ٹک ٹاک پر دھمکیوں کا تنازع خونریز تصادم میں تبدیل، دو نوجوان قتل، تیسرا شدیدزخمی۔ ذرائع کے مطابق قاتل محمد آصف اور مقتولین محمد عرفان اور محمد فرحان کے درمیان کچھ عرصے سے ٹک ٹاک پر ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے اور اشتعال انگیز ویڈیوز شیئر کرنے کا تنازع چل رہا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محمد عرفان، محمد فرحان اور محمد اعظم مزدوری کے بعد اپنے گھر ضلع ڈی جی خان واپس جا رہے تھے۔ جیسے ہی وہ شاہ جمال کے نواحی علاقہ ہیڈ 76 کے قریب پہنچے تو مبینہ طور پر محمد آصف نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد عرفان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد فرحان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہو گیا۔ محمد اعظم شدید زخمی کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ شاہ جمال پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ابتدائی شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز رویوں اور دھمکیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے ۔







