وکٹوریہ ہسپتال: آرتھو وارڈ میں میڈیکل ریپس کے ڈیرے، فرمائشی ادویات تشخیص، مریض کنگال

بہاولپور(نیوزرپوٹر)بہاولپوروکٹوریہ ہسپتال میں آرتھوپیڈک وارڈ میڈیکل ریپس کی آماجگاہ بن گیا۔ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ چوہدری نصیرنے پرکشش مراعات کے لالچ میں معصوم زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ۔تھوڑے ہی عرصے میں لگژری گاڑی، بیرون ملک ٹوورزکرائے جانے لگے ،میڈیکل ریپس کی چاندی اور مریضوں کے لواحقین مہنگی ترین فرمائشی میڈیسن لینے پر مجبورہیں۔ سیاسی اثر و رسوخ ہونے کی وجہ سے ایم ایس وکٹوریہ ہسپتال بھی بے بسی کاشکارہیں۔ذرائع کے مطابق صبح سویرے ہی میڈیکل ریپس آرتھوپیڈک وارڈ میں آجاتے ہیں وہاں موجود پی جی آر ڈاکٹرز کے لیے ناشتے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور سارا دن ڈاکٹرز کے ساتھ بیٹھ کر اپنی اپنی کمپنیوں کی من پسند میڈیسن لکھوائی جاتی ہیں۔ دور دراز سے آئے غریب مریض اور ان کے لواحقین بیماری سے تو پریشان ہوتے ہی ہیں مگر ڈاکٹرز اور میڈیکل ریپس کے گٹھ جوڑ نے ان کی زندگی کو مزید پریشان کر دیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق پرائیویٹ میڈیسن کمپنیوں سے پرکشش مراعات لینے کے لیے غیر ضروری وٹامنز کی ادویات بھی دھڑلے سے لکھی جاتی ہیں جن کی قیمت ہزاروں میں ہوتی ہے۔ آرتھوپیڈک وارڈ کے آپریشن تھیٹر میں بھی مال بناؤ سکیم جاری ہے جن کا کوئی سفارشی نہیں یا وہ مریض جو مہنگی ترین ادویات لینے سے قاصر ہیں ان کا آپریشن التوا کا شکار ہوتا ہے اور کئی بار تو پلاسٹک سرجری کا سامان بھی منگوا لیا جاتا ہے جبکہ آرتھوپیڈک وارڈ میں پلاسٹک سرجری کی سہولت ہی موجود نہیںہے پھر وہی سامان آپریشن تھیٹر کا عملہ میڈیکل سٹور کو واپس کر کے رقم وصول کر لیتا ہے اور یوں ایک مکروہ دھندے کا نیٹ ورک عروج پر ہے ۔بہاولپور کے شہریوںشہزاد، وسیم اقبال عبدالرحمان، محمد سعد، رانا غضنفر ، چوہدری امجد، محمد عقیل اور سراج احمد وغیرہ نے وزیر صحت اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔اس رپورٹ کے حوالے سےہسپتال انتظامیہ اس حوالے سے اپناموقف دیناچاہےتوروزنامہ قوم کے صفحات انہیں من وعن شائع کرنے کیلئے حاضرہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں