پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج نے صبح ہی سے شدت دکھانا شروع کر دی جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور سمیت مختلف شہروں میں رات کے وقت بھی گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 26 سے بڑھ کر 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 8 سے 12 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی پنجاب اور میدانی علاقوں میں 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اسی طرح ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، سرگودھا اور دیگر جنوبی اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہے گا جبکہ گرد آلود ہواؤں اور طوفانوں کا خدشہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔
بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک کے کیسز سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کاشتکار اپنی فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔







