کراچی: عالمی مارکیٹ میں کمی کے باعث سونے کی قیمت میں مزید نمایاں کمی، مقامی صرافہ بازاروں میں بھی ریٹ گر گئے
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث آج بھی سونا سستا ہو گیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر فی اونس سونے کی قیمت میں 30 ڈالر 94 سینٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 4 ہزار 297 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ کے اثرات کے تحت مقامی صرافہ بازاروں میں بھی فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت میں 3094 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے ہو گئی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2785 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کی سطح پر آ گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جہاں فی تولہ چاندی 94 روپے کمی کے بعد 7 ہزار 173 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 86 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 116 روپے پر آ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر بھی سونے کی عالمی مارکیٹ میں 124 ڈالر فی اونس کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر فی تولہ سونا 12489 روپے اور فی 10 گرام 11240 روپے تک سستا ہوا تھا۔ اسی روز چاندی کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی تھی۔







