اوچ شریف (کرائم رپورٹر،نمائندہ قوم)اوچ شریف موٹروے انٹرچینج کے ریسٹ ایریا میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں باجوڑ سے کراچی جانے والی مسافر بس بے قابو ہو کر ہوٹل کے باہر چارپائیوں پر بیٹھے افراد پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس ریسٹ ایریا میں کھانا کھانے کیلئے رکی ہوئی تھی۔ اسی دوران بس کو سیدھا کرنے کیلئے ایک ناتجربہ کار کنڈکٹر نے گاڑی کو گیر میں ڈالا، تاہم بس اچانک چل پڑی۔ کنڈکٹر گھبراہٹ میں بریک لگانے کے بجائے ریس پر پاؤں رکھ بیٹھا جس سے بس بے قابو ہو گئی اور سامنے بیٹھے افراد کو کچلتی ہوئی آگے بڑھ گئی۔حادثے کے نتیجے میں 34 سالہ صادق خان ولد خان بہادر، سکنہ ضلع باجوڑ، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کے پیٹ پر شدید چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ جبکہ پشاور کے رہائشی 52 سالہ عبدالوہاب ولد منصور سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ایک شدید زخمی شخص کو نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ معمولی زخمی کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دی گئی۔ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق شخص کی میت رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دی۔







