ملتان (کرائم سیل) پیراں غائب ملتان میں پانچ سالہ معصوم بچے عاطف کی ہلاکت پانی میں ڈوب کر ہوئی یا مقامی زمیندار نے تشدد کرکے قتل کیا اور لاش محض دو انچ پانی میں پھینک دی، والدین کے بیان میں اہم انکشافات سامنے آ گئے، بدھ 3 جون کو 5 سالہ عاطف کی لاش گھر سے تھوڑے فاصلے پر بنے ایک ٹیوب ویل سے ملی تھی، ابتدائی طور پر واقعہ اتفاقی قرار دیا گیا تاہم بچے کے والد عباس کا کہنا ہے کہ وقوعہ سے دو روز قبل بچہ اپنے دوستوں کے ہمراہ زمیندار کے انگور توڑنے گیا جہاں زمیندار نے پکڑا اور کئی گھنٹے اپنے پاس بٹھائے رکھا، دو روز بعد بھی اسی زمیندار نے اہل خانہ کو اطلاع دی کہ بچے کی ڈیڈ باڈی پانی میں پڑی ہے، والدین کا کہنا ہے کہ متوفی عاطف کی جوتی بھی اسی زمیندار کے گھر سے ملی ہے، بچے کے والد نے بتایا کہ جب وہ موقع پر گئے جہاں لاش ملی تو ٹیوب ویل میں پانی صرف دو انچ کھڑا تھا جس میں ڈوب کر ہلاک ہونا کسی طور پر بھی ممکن نہیں ہے، والدین کے بیان پر پولیس تھانہ سیتل ماڑی نے دو افراد کو حراست میں لیا تاہم حیران کن طور پر پولیس کی سہولت کاری کے باعث دونوں ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے، تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا، والدین نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف مقدمہ کا اندراج یقینی بنایا جائے۔







