پنجاب میں بھاری ٹریفک جرمانوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور: پنجاب میں ٹریفک کے بھاری چالان اور گاڑیوں پر عائد ٹیکسوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست شہری جمیلہ فاطمہ کی جانب سے وکیل محمد اظہر صدیق کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں شہریوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر معمولی بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جو آئینی اصولوں سے متصادم ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق بھاری ٹریفک چالان شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کر رہے ہیں اور یہ اقدامات قانونی و آئینی جواز نہیں رکھتے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب حکومت سے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹریفک جرمانوں اور گاڑیوں کے ٹیکس کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں۔
مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت بھاری ٹریفک چالانز کو غیر قانونی قرار دے کر ان پر نظرثانی کا حکم جاری کرے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ موجودہ نظام میں شہریوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے جس پر عدالتی مداخلت ضروری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں