بلاول بھٹو کی ننھے یوٹیوبر شیراز اور مسکان سے ملاقات، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی معروف کم عمر یوٹیوبر شیراز اور ان کی بہن مسکان سے ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری ان دنوں انتخابی سرگرمیوں کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے دورے پر ہیں۔ اسی دوران انہوں نے شیراز اور مسکان سے خصوصی ملاقات کی، جس کے مختصر ویڈیو کلپس منظرعام پر آنے کے بعد صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے شیراز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کراچی میں رہتے ہیں اور کافی عرصے سے ان کے وی لاگز اور سرگرمیوں کو فالو کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شیراز کے مداح ہیں اور ان سے ملاقات کر کے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے شیراز کی سماجی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں۔ ان کے بقول یہ خوش آئند بات ہے کہ شیراز شہرت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کر رہے ہیں، جن میں پانی کی فراہمی اور تعلیمی سہولیات کی بہتری جیسے اقدامات شامل ہیں۔
گفتگو کے دوران بلاول بھٹو نے اپنے نانا اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کیا۔
انہوں نے شیراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ان کے بزرگ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے، اسی طرح وہ بھی مستقبل میں لوگوں کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور موقع ملنے پر عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں