لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے محمود بوٹی شاہ گوہر آباد میں کھلے مین ہول کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کمسن بچی اچانک مین ہول میں جا گری۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کے فوراً بعد علاقے کے شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کو مین ہول سے بحفاظت باہر نکال لیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کھلے مین ہول کے حوالے سے متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات کی گئیں، تاہم اس کے باوجود اسے بند کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
شہریوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں موجود تمام کھلے مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
علاقہ مکینوں نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات، ذمہ داران کے تعین اور سخت محکمانہ کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔







