ٹیک اوور سے قبل پی آئی اے کے لیے اہم مرحلہ، بین الاقوامی سیفٹی آڈٹ کا آغاز 8 جون سے ہوگا

قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کو نجی کنسورشیم کے ممکنہ ٹیک اوور سے قبل ایک اہم امتحان کا سامنا ہے، جس کے تحت ایئرلائن کے بین الاقوامی آپریشنز اور حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا بین الاقوامی سطح کا سیفٹی آڈٹ 8 جون سے شروع ہونے جا رہا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کی خصوصی آڈٹ ٹیم اتوار کے روز پاکستان پہنچے گی۔
یہ آڈٹ پی آئی اے کی عالمی سطح پر سیفٹی درجہ بندی اور آپریشنل معیار کے تعین میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے، جس کے نتائج مستقبل میں ایئرلائن کی ساکھ اور بین الاقوامی سرگرمیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ آڈٹ کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے اور ادارے کے تمام شعبوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ ہر سطح پر مطلوبہ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
سی ای او پی آئی اے نے مختلف شعبہ جات کو ہدایت دی ہے کہ تمام ریکارڈ مکمل، درست اور اپ ڈیٹ رکھا جائے، جبکہ حفاظتی پالیسیوں سے متعلق مینوئلز اور دستاویزات بھی عالمی تقاضوں کے مطابق تیار رکھی جائیں۔
حکام کے مطابق اس آڈٹ کے دوران آپریشنل طریقہ کار، حفاظتی اقدامات، تربیتی نظام اور انتظامی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس کے باعث ادارے میں تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں