ملتان (عوامی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل کی صدارت میں ہونے والا پولیس دربار بغیر کسی سوال جواب کے ماتحت افسران کی طرف سے مکمل خاموشی کے بعد لپیٹ دیا گیا۔ آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل اور سی پی او محمد صادق ڈوگر سی ایس ایس اکیڈمی کے بیج میٹ ہیں اور میرٹ کے لحاظ سے صادق ڈوگر اکیڈمی میں بھی آر پی او ملتان سے سینئر تھے اور دوران ملازمت بھی ان سے دو سال قبل یعنی 2022 میں ڈی آئی جی کے عہدے پر پروموٹ ہو چکے تھے جبکہ عثمان اکرم گوندل دو سال بعد یعنی کہ 2024 میں ڈی آئی جی کے عہدے پر پروموٹ ہوئے اس لحاظ سے ملتان میں جونیئر سینئر کی میوزیکل چیئر غیر اعلانیہ طور پر جاری ہے۔ گزشتہ روز آر پی او ملتان نے پولیس دربار کا انعقاد کیا جہاں تمام پولیس افسران اپنے مسائل بیان کرتے ہیں اور تجاویز بھی دی جاتی ہیں مگر یہ ضلع ملتان کی تاریخ کا واحد دربار تھا جس میں کسی بھی ماتحت ملازم نے کوئی بھی سوال نہیں کیا اور اس دربار میں ریجنل پولیس آفیسر کا استقبال پروٹوکول کے مطابق سی پی او کی بجائے ایس ایس پی آپریشن نے کیا جبکہ دربار شروع ہونے کے 15 منٹ بعد سی پی او ملتان اس دربار میں آئے۔ آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل نے اپنے خطاب کے بعد اعلان کیا کہ کسی کے ذہن میں کوئی بھی سوال ہے یا کوئی تجویز دینا چاہتا ہے تو وہ تجویز دے مگر درجنوں افسران کی موجودگی میں کسی نے بھی لب کشائی نہیں کی نہ کوئی سوال ہوا نہ کوئی تجویز دی گئی اور یہ خاموش دربار خاموشی سے ہی اختتام پذیر ہو گیا۔ اندرونی ذرائع کے مطابق کمانڈ کی اس باہمی لڑائی نے ماتحت عملے کو اپنے مسائل بتانے اور سوال کرنے سے روکے رکھا۔ اس طرح یہ دربار ڈسپلنڈ فورس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا۔







