خانیوال پل حادثہ: انکوائری مکمل، 2 ریلوے افسران ملازمت سے برطرف

ملتان(قوم نیوز)خانیوال پل حادثے کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد پاکستان ریلویز نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ انکوائری رپورٹ میں غفلت اور ذمہ داری کے تعین کے بعد یہ فیصلہ وزیر ریلوے کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے حادثے کے فوراً بعد ذمہ داروں کے احتساب کا اعلان کیا تھا۔ریلوے حکام کے مطابق سابق ڈویژنل انجینئر (ڈی ای این) ملتان عابد رزاق کو سروس سے برطرف کر دیا گیا ہےجبکہ سابق اسسٹنٹ انجینئر (اے ای این) خانیوال راجا یوسف کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ خانیوال پل حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ عوامی جانوں کے ضیاع پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔وزیر ریلوے کی ہدایت پر حادثے کی جامع اور تفصیلی انکوائری شروع کی گئی تھی۔ انکوائری رپورٹ میں متعلقہ افسران کی غفلت اور ذمہ داری کا تعین کیا گیا، جس کی بنیاد پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں