علی پور،گھوٹکی(نمائندہ خصوصی،نامہ نگار،قوم نیوز) علی پور میںآندھی سے آتشزدگی کے باعث پوری بستی جل گئی،سندھ میں بھی آندھی نےتباہی مچادی،3 افرادہلاک،درجنوں زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق کندائی دریا پار کے علاقے ڈھاکہ باقر شاہ میں خوفناک آتشزدگی، 50 سے زائد گھر جل کر خاکسترکندائی دریا پار کے علاقے ڈھاکہ باقر شاہ میں طوفانی آندھی کے باعث لگنے والی ہولناک آگ نے تباہی مچا دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد گھر، 50 بکریاں، 6 گائیں، 1600 من گندم اور لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا۔اس افسوسناک واقعے میں 12 مرد و خواتین زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے راجن پور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں اور انہیں خوراک، رہائش اور طبی سہولیات کی فوری ضرورت ہے۔علاقہ مکینوں نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری امدادی کارروائیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر مالی امداد، خیمے، راشن اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔اہلِ علاقہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے پرزور اپیل کی ہے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مالی امداد اور بحالی کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، گھوٹکی اور کشمور میں مختلف حادثات میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ گھوٹکی اور گردو نواح میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں بچی جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوئے۔کشمور میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی کے مطابق شدید آندھی کے باعث درخت، سولر پلیٹوں اور دیواروں گرنے سے تحصیل اسپتال اوباڑو 50 زخمی لائے گئےہیں، جبکہ ایک بجی جاں بحق ہو گئی۔ڈہرکی ہسپتال میں 5 زخمیوں کو لایا گیا۔سندھ اور پنجاب کے دیگر چند شہروں میں بھی مٹی کا طوفان آیا۔بہاول پورسے سکھرتک موٹروے بندکردی گئی۔







