بہاولپور ونڈہ پاس سکینڈل، 3 لاکھ رشوت دینے کے باوجود خاتون دربدر

بہاولپور(مرزا ندیم سے)تحصیل خیرپور ٹامیوالی کے موضع عثمان علی شاہ میں مبینہ کرپشن کا بڑا سکینڈل سامنے آگیا، پٹواری احسن عباسی پر غریب سید خاندان سے ونڈہ پاس کروانے کے نام پر 3 لاکھ روپے بٹورنے کا الزام، رقم وصول کرنے کے باوجود کام نہ ہونے پر متاثرہ خاندان نے اینٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق موضع عثمان علی شاہ کی رہائشی بختاور بی بی زوجہ محمد آصف شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اراضی کا ونڈہ پاس کروانے کیلئے متعدد بار مقامی پٹواری احسن عباسی سے رابطہ کیا گیا مگر وہ مسلسل ٹال مٹول اور لیت و لعل سے کام لیتا رہا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق پٹواری نے مبینہ طور پر کام کرنے کے عوض 3 لاکھ روپے طلب کئے اور یقین دہانی کروائی کہ رقم ملتے ہی ونڈہ پاس کر دیا جائے گا۔الزام ہے کہ بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود نہ صرف ونڈہ پاس نہیں کیا گیا بلکہ سائلین کو مسلسل دفاتر کے چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ غریب لوگ ہیں، رقم ادھار لے کر دی مگر انصاف کے بجائے ذلت اور پریشانی ملی۔متاثرہ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب، اینٹی کرپشن حکام اور اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ کرپشن میں ملوث پٹواری احسن عباسی کو فوری معطل کرکے تحقیقات کی جائیں، وصول کی گئی رقم واپس دلوائی جائے اور فوری طور پر ونڈہ پاس کیا جائے۔علاقہ مکینوں نے بھی محکمہ مال میں مبینہ کرپشن، رشوت ستانی اور سائلین کے استحصال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے موقف لینے پر پٹواری نے الزامات کی تردید کردی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں