پاکپتن: پسند کی شادی کا جرم، لڑکا قتل،لڑکی کے بازو توڑ دیئے، 2 خواتین سمیت 3 زخمی

پاکپتن(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پسند کی شادی کا المنا ک انجام، سسرالیوں کے تشدد سے دلہا قتل، دلہن کے بازو توڑ دیئے، والدین سمیت3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مقتول کے والد کی مدعیت میں 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے نواحی گاؤں چک سدو پپلی میں پسند کی شادی کرنے پر اسلام شاہ پر سسرالیوں نے گھر پر دھاوا بول دیا۔ وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں دلہا قتل، دلہن نبیلہ بی بی کے دونوں بازو ٹوٹ گئے جبکہ دلہے اسلام شاہ کے والد اور والدہ شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق چک سدو پپلی کے رہائشی نوجوان نے تقریباً 4 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ اس رنجش پر لڑکی کے گھر والوں نے گزشتہ رات مسلح ہو کر دلہا کے گھر پر حملہ کر دیا۔ملزمان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند تشدد کیا۔ ڈنڈوں اور آہنی راڈز کے وار سے دلہا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دلہن کو بری طرح مارا پیٹا گیا جس سے اس کے دونوں بازو ٹوٹ گئے۔ جبکہ دلہے کے بوڑھے والد اور والدہ کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ زخمی دلہن اور دلہے کے والدین کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن منتقل کر دیا گیا۔ دلہے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دی گئی۔تھانہ صدر پاکپتن پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا شاخسانہ ہے۔ مقتول کے والد رفیق شاہ کی مدعیت میں دس نامزد اور ایک نامعلوم کے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں