ملتان (وقائع نگار)نشتر ہسپتال ملتان میں منکی پاکس کے چار مریض آئی سی یو میں داخل ،منکی پاکس کی بیماری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان کے آئی سی یو وارڈ میں چار نئے مریضوں کو داخل کر لیا گیا ہےجن میں ایک میاں بیوی کا جوڑا بھی شامل ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کا رہائشی 39 سالہ شخص اور اس کی بیوی منکی پاکس کا شکار ہوئے ہیں۔ دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ چترال کا رہائشی 26 سالہ نوجوان اور شجاع آباد کا 17 سالہ نوجوان بھی منکی پاکس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ان چاروں مریضوں کو نشتر ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی طبی نگرانی جاری ہے۔محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ تمام مریضوں کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں اور رپورٹس کا انتظار ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ کیسز مقامی طور پر پھیلے ہیں یا باہر سے آئے ہیں۔







