نشترگارڈز 4 ماہ کی تنخواہ سے محروم، گیٹ بندکرکے احتجاج، مریضوں کوبھی گھسنے نہ دیا

ملتان (وقائع نگار ) نشتر ہسپتال میں سکیورٹی گارڈز گزشتہ چار ماہ کی تنخواہوں سے محروم ۔سکیورٹی عملے نے تنگ آکر گیٹ نمبر دو (داخلی راستہ)کو ہمہ قسم کی آمد و رفت کیلئے بند کردیا ۔ مظاہرین نے مریضوں کو ہسپتال کے اندر نہیں گھسنے دیا گیا۔تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال میں گزشتہ شب درجنوں سکیورٹی گارڈ زنے پچھلے چار ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انہوں نے احتجاجا ًہسپتال کا گیٹ نمبر دو (داخلی راستہ )کو مکمل طور پر بند کردیا تھا ۔جس کے بعد اس راستے سے کوئی بھی مریض اندر داخل نہیں ہوسکا ۔اس دوران مظاہرین نے نشتر ہسپتال اور سکیورٹی کمپنی کے خلاف خوب نعرے بازی کی ۔انہوں نے حکومت سے فریاد کی کہ ہمارے گھروں میں فاقوں تک نوبت آگئی ہے مگر کسی کو بھی ہماری پروانہیں ہے ۔حالانکہ ایک روز بعد عید ہے ۔اس کے باوجود کوئی افسر سننے کو تیار نہیں ہے ۔ہر کوئی دلاسہ دیئے جا رہا ہے مگر تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔احتجاجی عملے نے مطالبہ کیا ہے ہمیں فوری طور پر ادائیگی کی جائے ورنہ احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں