کیو آر کوڈ اسکین کریں اور بجلی کے بل میں سبسڈی حاصل کریں – مکمل طریقہ جانیے

لاہور: حکومت نے بجلی کے بلوں میں مستحق صارفین کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے آسانی سے رجسٹریشن اور ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔
پنجاب حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بلوں پر خصوصی کیو آر کوڈ پرنٹ کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ سبسڈی کا عمل شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق وفاقی حکومت کے ’کراس سبسڈی پروگرام 2026‘ کے تحت اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سبسڈی صرف حقیقی مستحق اور کم آمدن والے خاندانوں تک پہنچے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اس نئے نظام سے ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز کے ذریعے ناجائز سبسڈی حاصل کرنے کے رجحان کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
یہ سہولت بنیادی طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے رکھی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے لیے صارفین کو اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ آفیشل پورٹل پر منتقل ہو جائیں گے۔ وہاں 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ درج کرنے کے بعد ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کیا جا سکے گا۔ حکام نے بتایا کہ ایسے افراد جو اسمارٹ فون استعمال نہیں کرتے یا ٹیکنالوجی سے واقف نہیں، ان کی سہولت کے لیے ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل سطح پر خصوصی ہیلپ ڈیسک اور ڈیجیٹل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے بل پر درج نام اور شناختی کارڈ کی تفصیلات میں مکمل مطابقت یقینی بنائیں تاکہ سبسڈی کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
مزید یہ کہ اگر کوئی صارف کیو آر کوڈ اسکین نہ کر سکے تو وہ براہِ راست حکومت کے کراس سبسڈی پروگرام کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر بھی اپنی معلومات درج کروا سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں