ایران امریکا مذاکرات درست سمت میں گامزن، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری معاملات اب درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران امریکا مذاکرات کو مثبت سمت دینے کے لیے پاکستان نے مخلصانہ سفارتی کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان روابط قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس مشن کی کامیابی کے لیے مسلسل سرگرم رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک نازک مرحلے سے گزر رہی ہے اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاملات اب بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے چین کے دورے کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بار چین آنے پر ترقی اور جدید انفراسٹرکچر کا نیا منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی سفارتی دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔
شہباز شریف نے امن اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی حمایت پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ تعاون کا خواہاں ہے۔
دریں اثنا چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی۔
چینی قیادت نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بیجنگ پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی، عملی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں