وزیرِ اعظم شہباز شریف کا چین کا اہم دورہ، اعلیٰ سطح ملاقاتیں شیڈول

وزیرِ اعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچیں گے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کریں گے، جبکہ سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔

اس موقع پر مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔ وزیرِ اعظم کی چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، جبکہ وہ علی بابا کے ہیڈکوارٹر اور چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا دورہ بھی کریں گے۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم بیجنگ روانہ ہوں گے، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

یہ دورہ پاک چین تعلقات اور سی پیک فیز 2 کے تحت باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں