پیٹرولیم قیمتوں کی ہفتہ وار پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ، 15 روزہ نظام بحال کرنے کی اپیل

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ ہفتہ وار پالیسی پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے دوبارہ 15 روزہ بنیادوں پر بحال کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں موجودہ پالیسی سے پیدا ہونے والی مشکلات اور پیچیدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ وار قیمتوں میں تبدیلی کے باعث پٹرول پمپ مالکان شدید مالی اور آپریشنل دباؤ کا شکار ہیں، جس سے کاروباری استحکام متاثر ہو رہا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ بار بار قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نہ صرف کاروباری نظام متاثر ہو رہا ہے بلکہ کھاتہ داری اور عوامی معاملات میں بھی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے اور صارفین کا اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے۔
مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ ہفتہ وار قیمتوں کی پالیسی فوری طور پر ختم کر کے سابقہ 15 روزہ نظام بحال کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور استحکام آ سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ڈیلرز، مالکان اور صارفین سب کے لیے ایک متوازن اور بہتر ماحول فراہم ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں