چیئرمین اوگرا کے اضافی چارج کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین اوگرا کا اضافی چارج دینے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں نبیل احمد اعوان کو اوگرا چیئرمین کا اضافی چارج دینے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا گیا ہے۔ وکیل منیر احمد نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے خلاف باضابطہ آئینی درخواست دائر کی۔
درخواست میں وفاق پاکستان، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن سمیت اوگرا اور نبیل احمد اعوان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اوگرا چیئرمین کا اضافی چارج دینا مفادات کے ٹکراؤ کے مترادف ہے، کیونکہ متعلقہ افسر سینئر تعیناتیوں اور سمریوں کی نگرانی بھی کرتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اوگرا آرڈیننس 2002 کے تحت ادارہ ایک آزاد اور خودمختار ریگولیٹر ہونا چاہیے، جبکہ اضافی چارج اس اصول کے منافی ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 8 اپریل 2026 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور مستقل چیئرمین کی شفاف بھرتی کا حکم دیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اسامیاں مستقل بنیادوں پر پُر کرنے کے بجائے عارضی انتظامات کیے جا رہے ہیں جو ادارہ جاتی شفافیت کے خلاف ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں