اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی رابطے مسلسل جاری ہیں جبکہ عسکری اور سول قیادت بھی صورتحال پر متحرک دکھائی دے رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں اس ہفتے بھی جاری رہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر سے دو مرتبہ رابطہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں رہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ اسی دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دو اہم دورے کیے۔
فیلڈ مارشل کے ممکنہ دورہ ایران سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے نہ تصدیق کی جا سکتی ہے اور نہ ہی تردید۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے دوران ایران امریکا مذاکرات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ چین کے دوران پانچ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہوا تھا، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان مشرق وسطیٰ کے معاملات پر پہلے سے باہمی اعتماد موجود ہے۔







