ملتان(نمائندہ خصوصی) سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مظہر عباس ولد محمد شریف، رہائشی چک نمبر 5 فیض بستی ملوک، نے مسمات اسما کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی جو کورٹ میرج تھی۔سی پی او کے مطابق لڑکی کے والد کی مدعیت میں 20 مئی 2026ء کو تھانہ بستی ملوک میں اغوا کا مقدمہ درج کروایا گیا۔ بعد ازاں مذکورہ جوڑا اپنے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں قلمبند بیان 164 ض ف کے سلسلے میں آیا، جہاں مبینہ طور پر اسما کے اہل خانہ نے مظہر عباس اور اسما کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں اغوا کر کے لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ چہلیک میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی جوڑے کو بازیاب کرا لیا۔ سی پی او ملتان کے مطابق کارروائی کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔سی پی او ملتان نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔







