ملتان(سپیشل رپورٹر) پاک چین سفارتی تعلقا ت کے 75 سال مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر آفس ملتان میں مرکزی پرچم کشائی تقریب منعقد ہوئی جہاں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے پرچم سربلند کئے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سی پی او صادق علی ڈوگر، اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور معززین شہر نے شرکت کی۔ صبح ٹھیک 9 بجے دونوں ممالک کے پرچم بیک وقت لہرائے گئے جبکہ سائرن بجا کر خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو کے چاک و چبند دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ کمشنر عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ پاک چین دوستی کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور لازوال دوستی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے اور آنے والے برسوں میں یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر عامر کریم خان نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔







