اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے پر قانونی ٹیم نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کر دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور دستیاب ریکارڈ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی کیس کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ انتظامی سطح پر نہیں بلکہ عدالتی فورم پر ہونا چاہیے۔
اپیل میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور وکالت نامے پر دستخط کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ وکلاء نے متعدد بار جیل جا کر دستخط لینے کی کوشش کی تاہم انہیں رسائی نہیں دی گئی۔
درخواست کے مطابق پاور آف اٹارنی کورئیر کے ذریعے بھی بھجوائی گئی لیکن متعلقہ حکام نے تعاون نہیں کیا۔
اسی معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی الگ رٹ پٹیشن دائر کی گئی ہے۔
چیمبر اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کا 18 مئی 2026 کا اعتراضاتی حکم کالعدم قرار دیا جائے، درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے نمبر لگا کر مقرر کیا جائے اور کیس کو فوری بنیادوں پر سنا جائے۔







