وزیراعظم شہباز شریف اور پرنس رحیم آغا خان پنجم کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پرنس رحیم آغا خان پنجم نے اہم ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آئے ہوئے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے اعزاز میں وزیراعظم کی جانب سے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا، جہاں انہوں نے مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور امن، استحکام اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو اجاگر کیا اور دیہی ترقی، صحت، تعلیم، آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں میں اے کے ڈی این کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال جیسے دور دراز علاقوں میں ادارے کے مؤثر کام کو سراہا اور ان خطوں میں مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو بھی خوش آئند قرار دیا اور صحت و اعلیٰ تعلیم میں اس کے کردار کو اہم قرار دیا۔
ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پرنس رحیم آغا خان پنجم کی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اے کے ڈی این پاکستان کی موسمیاتی مزاحمت بڑھانے میں ایک اہم شراکت دار ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں گلیشیئرز سے متعلق خطرات کے تناظر میں۔
وزیراعظم نے ان کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے پاکستان پوسٹ کی جانب سے پرنس کریم آغا خان چہارم کے اعزاز میں جاری یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا اور ان کی انسانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں