کراچی: پولیس نے منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منشیات ڈیلر کوکین کوئین انمول عرف پنکی کیس کے سلسلے میں سماعت سٹی کورٹ (ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت) کراچی میں ہوئی، جہاں پولیس نے ملزمہ کے قریبی ساتھی کی گرفتاری اور مزید تفتیش کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
پولیس کی جانب سے گارڈن اور درخشاں تھانوں نے مبینہ سہولت کار ملزم محمد سمیر کی مختلف مقدمات میں گرفتاری اور تفتیش کی باضابطہ اجازت طلب کی۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد سمیر جون 2021 میں درج چرس برآمدگی کے کیس میں پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل میں ہے۔ ملزمہ انمول عرف پنکی اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے تفتیش کے دوران مبینہ منشیات سپلائی نیٹ ورک اور رائیڈرز کے نام سامنے آئے ہیں۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزم محمد سمیر مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کا رائیڈر تھا اور موٹر سائیکل کے ذریعے منشیات کی سپلائی میں ملوث رہا، جبکہ منشیات کی مد میں حاصل رقم بھی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی تھی۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے پولیس کو دو مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت دے دی۔







